حیدرآباد: ملک کی سب سے مشہور کمپنی ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی 12 جولائی کو ممبئی میں ہونے والی ہے۔ بیٹی ایشا امبانی اور بڑا بیٹا آکاش امبانی پہلے ہی شادی شدہ ہیں۔ لیکن کیا آپ یہ جانتے ہیں کہ مکیش امبانی کے تینوں سمدھی کیا کرتے ہیں اور وہ کتنی جائیداد کے مالک ہیں۔
اجئے پیرامل (ایشا امبانی کے سسر)
مکیش امبانی کی بیٹی ایشا امبانی کے سسر اجے پیرامل کا شمار ملک کے معروف و مشہور تاجروں میں ہوتا ہے۔ اجے پیرامل مکیش امبانی کے تینوں سمدھیوں میں سب سے امیر ہیں۔ مکیش امبانی کی اکلوتی بیٹی ایشا امبانی کی شادی پیرامل گروپ کے چیئرمین اجئے پیرامل کے بیٹے آنند پیرامل سے 2018 میں ہوئی تھی۔ پیرامل گروپ فنانس، صحت اور دوا سازی کی صنعتوں میں شامل ہے۔ یہ گروپ دنیا کے 30 سے زائد ممالک میں کاروبار کرتا ہے۔ فوربس کے مطابق، اجئے پیرامل کی مجموعی مالیت 2.8 بلین ڈالر یعنی تقریباً 23,170 کروڑ روپے ہے۔
ارون رسیل مہتا (آکاش امبانی کے سسر)
مکیش امبانی کے بڑے بیٹے آکاش امبانی کی شادی شلوکا مہتا سے 2019 میں ہوئی تھی۔ شلوکا کے والد ارون رسیل مہتا ملک کے سرکردہ تاجروں میں سے ایک ہیں۔ روزی بلیو ڈائمنڈ جیولری کا ایک مشہور برانڈ ہے جس کے ایم ڈی رسیل مہتا ہیں۔ روزی بلیو کمپنی 12 ممالک میں کام کرتی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کی کل مالیت کا تخمینہ 3000 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔ یہ کمپنی ملک کے 26 شہروں میں 36 سے زائد مقامات پر کام کرتی ہے۔
ویرن مرچنٹ (اننت امبانی کے سسر)
مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے اننت امبانی کی شادی 12 جولائی 2024 کو رادھیکا مرچنٹ سے ہونے جا رہی ہے۔ رادھیکا کے والد ویرن مرچنٹ دوا ساز کمپنی Encore Healthcare کے سی ای او ہیں۔ مزید برآں، وہ کئی دوسرے کاروباروں میں بطور ڈائریکٹر کام کرتے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ان کی مجموعی مالیت کا تخمینہ تقریباً 755 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔
مکیش امبانی
مکیش امبانی ایشیا کے امیر ترین شخص ہیں۔بھارت کی سب سے قیمتی کمپنی ان کی ریلائنس انڈسٹریز ہے۔ ان کی مجموعی مالیت کا تخمینہ 113 بلین ڈالر لگایا گیا ہے، جو بلومبرگ بلینیئرز انڈیکس کے مطابق دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں 11 ویں نمبر پر آتے ہیں۔ اس سال اب تک ان کی کل دولت میں 16.8 بلین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔ ریلائنس میں امبانی خاندان کے پاس 42 فیصد حصہ داری ہے۔ ریلائنس گروپ کے کاروبار میں پیٹرو کیمیکل، ریٹیل، ٹیلی کام اور گرین انرجی شامل ہیں۔