ممبئی: 4 جون کو انتخابی نتائج سے قبل اسٹاک مارکیٹ میں زبردست اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ آج اسٹاک مارکیٹ نے نیا ریکارڈ بنالیا ہے۔ سینسیکس میں اضافے کی وجہ سے سرمایہ کاروں کو 11 لاکھ کروڑ روپے کا منافع ہوا۔
بھارتی بینچ مارک ایکویٹی انڈیکس نفٹی 23,000 سے آگے بڑھ گیا اور بی ایس ای سینسیکس پیر کو 76,000 سے تجاوز کر گیا کیونکہ ایگزٹ پولز نے وزیر اعظم نریندر مودی کے لئے تیسری مدت کی پیش گوئی کی ہے، جس سے انہیں بڑا مینڈیٹ دیا گیا ہے۔ سرمایہ کار پر امید ہیں کہ مودی کی انتظامیہ اقتصادی ترقی کو برقرار رکھنے کے لیے انفراسٹرکچر اور مینوفیکچرنگ میں سرمایہ کاری جاری رکھے گی۔
گزشتہ ہفتے کے دوران انتخابات کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال اور غیر ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی بھاری فروخت کی وجہ سے اسٹاک مارکیٹ دباؤ کا شکار رہی۔ تاہم ایگزٹ پول میں بی جے پی کی جیت کی پیشین گوئی کے بعد پیر کو بازار میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔