اسلام آباد: بھارت میں فی الحال پیاز کی قلت ہے اور اس کمی کو دور کرنے کے لئے بھارت افغانستان سے پیاز خرید رہا ہے۔ اس سلسلے میں افغانستان کی طالبان حکومت پیاز کی ایک بڑی کھیپ بھارت بھیج رہی ہے۔ یہ کھیپ پاکستان کے راستے بھارت آرہی ہے۔ افغانستان کے تاجر اس پہل سے کافی خوش نظر آ رہے ہیں۔
پیاز کی پہلی کھیپ اگلے چند دنوں میں بھارت پہنچ جائے گی۔ افغانی تاجر حبیب رحمان نے بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ ہم نے 8 ہزار ٹن پیاز بھیجنے کا معاہدہ کیا ہے اور ٹرک بھارت کی طرف روانہ ہو گئے ہیں۔ اس سے ایک طرف افغانستان کے کسان اور تاجر نئے بازار اور موقعے کے لیے پُرجوش ہیں تو دوسری طرف پاکستان میں الگ طرح کی باتیں ہو رہی ہیں۔
پاکستان کے ماہرین بھارت اور افغانستان کے بڑھتے تعلقات سے کافی پریشان ہیں۔ پاکستان کے سیاسی مبصر قمر چیمہ نے اس پیش رفت پر وزیر اعظم شہباز شریف سے سوال کیا کہ وہ بھارت اور افغانستان کے ساتھ تجارت کیوں نہیں بڑھا رہے؟ قمر چیمہ کا ماننا ہے کہ اگر پاکستانی وزیر اعظم دونوں ممالک سے بہتر تعلقات رکھیں تو دونوں ملکوں کی ہمارے ساتھ تجارت بڑھے گی اور ہمارے کسانوں کو اس کا سیدھا فائدہ پہنچے گا۔