نئی دہلی: مرکزی حکومت نے آٹھویں پے کمیشن کی تشکیل کو منظوری دے دی ہے۔ کمیشن مرکز کے ملازمین کی تنخواہ، الاؤنس، پنشن اور دیگر مراعات کا جائزہ لے گا۔ ان سب کا جائزہ لینے کے بعد کمیشن ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی سفارش کرے گا۔ یہ پے کمیشن 2026 تک اپنی رپورٹ پیش کرے گا۔
اس وقت ملک میں ساتواں پے کمیشن نافذ ہے، جو 2026 میں ختم ہو جائے گا۔ ساتویں پے کمیشن کی مدت ختم ہونے سے پہلے مرکزی حکومت کے ملازمین کی تنخواہوں پر نظر ثانی کے لیے آٹھویں پے کمیشن کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پے کمیشن کیا ہے؟
پے کمیشن ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی ہے۔ اس کی تشکیل مرکزی حکومت نے کی ہے۔ پے کمیشن معاشی حالات کے مطابق ملازمین کی تنخواہوں کی سفارش کرتا ہے۔ اس میں سرکاری ملازمین کی معاشی بہبود کے لیے اصلاحات کی سفارش کی گئی ہے جس میں ملازمین کی فلاح و بہبود کی پالیسیاں، پنشن، الاؤنسز اور دیگر مراعات شامل ہیں۔
پے کمیشن کتنے سالوں میں بنتا ہے؟
پے کمیشن عام طور پر ہر 10 سال بعد تشکیل دیا جاتا ہے۔ ملک کا پہلا پے کمیشن 1946 میں تشکیل دیا گیا تھا۔ آزادی کے بعد سے کل سات پے کمیشن بنائے گئے ہیں۔ اس کی تشکیل آخری بار 2014 میں ہوئی تھی اور اس کی سفارشات کو 2016 میں نافذ کیا گیا تھا۔