ترونیل ویلی: تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ 'انسانی ہمدردی رکھنے والے وزیر اعظم' کو منتخب کرنے کے لیے اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔ تمل ناڈو کے ترونیل ویلی میں ووٹروں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی اسٹالن نے کہا کہ عوام کا ووٹ ریاست کا احترام کرنے والا اور تملیوں سے نفرت نہ کرنے والے وزیراعظم بننے کا فیصلہ کرے گا۔ ڈی ایم کے لیڈر ترونیل ویلی میں پارٹی کے امیدواروں کے لیے مہم چلا رہے تھے۔
اسٹالن نے کہا کہ "آپ کا ووٹ ایک انسان دوست وزیر اعظم کو منتخب کرنے کے لیے ہے۔ اگر کوئی ایسا شخص جو تمل ناڈو کا احترام کرتا ہو اور تمل سے نفرت نہ کرتا ہو، وہ وزیر اعظم بن جائے، تو یہ آپ کے ہاتھ میں ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کو اس کے لیے الیکشن ہارنے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم ایک بار پھر نفرت کے بیج بو کر ہندوستان کو برباد کر دیں گے‘‘۔
انہوں نے کہا کہ "ایک مرکزی وزیر تملیوں کو بھکاری کہتا ہے، اور دوسرا مرکزی وزیر تملیوں کو دہشت گرد کہتا ہے۔ تملوں کے تئیں اتنا غصہ کیوں؟ وہ سمجھتے ہیں کہ وہ لوگوں میں نفرت اور تقسیم پیدا کر سکتے ہیں اور سیاست کر سکتے ہیں۔ لیکن ایسا کبھی نہیں ہوتا"۔ وزیراعلی نے تمل ناڈو کے ماہی گیروں کے خلاف سری لنکا کی بحریہ کی کارروائی پر کانگریس اور ڈی ایم کے کو مورد الزام ٹھہرانے پر پی ایم مودی کو نشانہ بنایا۔
وزیراعلی نے مزید کہا کہ "ہندوستان کی تاریخ میں مودی کے علاوہ کوئی دوسرا وزیر اعظم نہیں ہے جس نے تمل ناڈو کے لوگوں سے جتنی نفرت وزیر اعظم مودی نے کی ہے"۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے کہا ہے کہ سری لنکا کی طرف سے تمل ناڈو کے ماہی گیروں پر حملے کے لیے کانگریس اور ڈی ایم کے ذمہ دار ہیں۔ میں ایک بات پوچھنا چاہتا ہوں، دہائیوں تک کس نے حکومت کی؟ مودی حکومت خاموشی سے دیکھتی رہی جب تین ہزار سے زیادہ ماہی گیروں کو گرفتار کیا گیا"۔