وزیراعظم نریندرمودی نے وارانسی سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا (اے این آئی) وارانسی: وزیراعظم نریندر مودی نے منگل کو تیسری بار وارانسی سے لوک سبھا انتخابات کے لیے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ پی ایم مودی سفید چوڑی دار کرتا پاجامہ اور نیلی صدری زیب تن کرکے وارانسی کے ڈی ایم آفس پہنچ کر بی جے پی کے امیدوار کے طور پر اپنے کاغذات نامزدگی داخل کئے۔ وارانسی میں لوک سبھا انتخابات کے ساتویں اور آخری مرحلے میں یکم جون کو پولنگ ہوگی۔
اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرنے سے پہلے وزیراعظم مودی نے مندر کے شہر میں گنگا کے کنارے پر دشاسوامیدھ گھاٹ پر پوجا پاٹھ کی اور بحری جہاز پر سوار ہوکر نمو گھاٹ گئے۔ انھوں نے وارانسی کے کال بھیرو مندر میں آرتی کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔ پی ایم مودی نے آج گنگا سپتمی کے مبارک موقع پر دریائے گنگا کی پوجا کرتے ہوئے گنگا آرتی بھی کی۔
پی ایم مودی نے پرچہ نامزدگی کے لیے 14 مئی کی تاریخ اور صبح 11.40 بجے کا وقت کیوں منتخب کیا؟
وزیراعظم مودی نے خاص طور پر کئی وجوہات کی بنا پر اپنا پرچہ نامزدگی کے لیے 14 مئی کی تاریخ کا انتخاب کیا۔ دراصل 14 مئی کو گنگا سپتمی کے طور پر منایا جاتا ہے اور ہندو مذہب میں یہ ایک مقدس دن سمجھا جاتا ہے۔گنگا سپتمی اور پشیا نکشتر کے امتزاج کی وجہ سے ہندو مذہب میں اس تاریخ کو کافی زیادہ اہمیت حاصل ہے۔
ہندو مذہب کے عقیدے کے مطابق اس دن کی جو بھی کام کیا جاتا ہے اس کام میں کامیابی ملنے کے امکانات کافی زیادہ بڑھ جاتے ہیں اور ممکنہ طور پر کسی کی خواہشات کی تکمیل کا باعث بنتا ہے۔
اس کے علاوہ پی ایم مودی نے اپنے پرچہ نامزدگی کے لیے صبح 11.40 بجے کا وقت منتخب کیا، کیونکہ یہ گھنٹہ ابھیجیت مہورت اور آنند یوگ کے ساتھ ملتا ہے۔علم نجوم کے مطابق ابھیجیت مہورت دن کا آٹھواں مہورت ہے جو طلوع آفتاب اور غروب آفتاب کے درمیان ہوتا ہے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور ان کے حامی نجومی گنیشور شاستری دراوڑ بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔ برہمن برادری کے رکن پنڈت گنشور شاستری، جو ایودھیا میں رام مندر کے افتتاح کے لیے مناسب وقت کا تعین کرنے کے لیے جانا جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق گنیشور شاستری دراوڈ نے ہی آج بھی پی ایم مودی کے لیے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے لیے شبھ وقت نکالا تھا۔