نئی دہلی: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے جمعرات کو لوک سبھا میں رکن پارلیمنٹ کے طور پر حلف لیا۔ پرینکا گاندھی واڈرا نے کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی) کے ستیان موکیری کو چار لاکھ 10 ہزار 931 ووٹوں کے فرق سے شکست دے کر وایناڈ لوک سبھا سیٹ جیتی ہے۔
اس سے قبل پرینکا گاندھی اپنی ماں کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی کے ساتھ پارلیمنٹ ہاوس پہنچی۔ وہ اپنے بھائی راہل گاندھی اور کانگریس کے سینئر لیڈران کے ساتھ پارلیمنٹ میں داخل ہوئیں۔
پرینکا گاندھی واڈرا کافی خوشگوار موڈ میں پارلیمنٹ پہنچی۔ اس دوران لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے پرینکا گاندھی کے پارلیمانی اننگ کی یادگار تصاویر کو اپنے موبائل میں قید کیا۔
واضح رہے، راہل گاندھی نے لوک سبھا انتخابات 2024 میں یو پی کے رائے بریلی اور کیرالہ کے وایناڈ پارلیمانی نشستوں سے الیکشن لڑا تھا۔ راہل گاندھی نے ان دونوں سیٹوں پر جیت درج کی تھی۔ بعد میں انھوں نے رائے بریلی سیٹ سے اپنی رکنیت کو برقرار رکھا۔ جس کے بعد کانگریس نے وایناڈ لوک سبھا سیٹ سے پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا کو چناوی میدان میں اتارا۔ ضمنی انتخابات میں پرینکا گاندھی نے چار سے زائد ووٹوں سے کامیابی حاصل کی۔
پرینکا گاندھی کے پارلیمنٹ پہنچتے ہی یہ پہلا موقع ہوگا، جب گاندھی خاندان کے تمام افراد پارلیمنٹ میں ایک ساتھ نظر آئیں گے۔ اب تک صرف سونیا گاندھی اور راہل گاندھی ہی پارلیمنٹ میں عوام کی نمائندگی کرتے نظر آئے ہیں۔ راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی لوک سبھا میں جبکہ سونیا گاندھی راجیہ سبھا میں اپوزیشن کی آواز بلند کریں گی۔
یہ بھی پڑھیں: