بنگلورو: کرناٹک حکومت نے انتباہ دیا ہے کہ ان افسران کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی جنہوں نے زمین کے میوٹیشن ریکارڈ تبدیل کیے اور وقف ایکٹ کے تحت کسانوں کو بے دخلی کے نوٹس بھیجا۔
ایک خط میں، ریونیو ڈپارٹمنٹ کے پرنسپل سکریٹری راجندر کمار کٹاریہ نے اضلاع کے تمام علاقائی کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں کو یاد دلایا کہ وزیر اعلیٰ سدارامیا نے حال ہی میں کچھ زمینوں سے متعلق کرناٹک بورڈ آف وقف کے بارے میں شکایات ملنے کے بعد ایک میٹنگ کی تھی۔
میٹنگ میں کسی بھی سرکاری دفتر یا اتھارٹی کی جانب سے میوٹیشن ریکارڈز کو تبدیل کرنے سے متعلق پہلے جاری کردہ تمام ہدایات واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ میٹنگ کے بعد جاری خط میں کہا گیا کہ ماضی میں دیے گئے تمام نوٹس بھی واپس لے لیے گئے ہیں اور مذکورہ زمین پر کاشتکاری کرنے والے کسانوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جانی چاہیے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ چیف منسٹر کی ہدایت پر سات نومبر کو کسانوں اور زمین کے مالکان کو بھیجے گئے سابقہ خطوط اور تازہ ترین یاد دہانیوں کو واپس لے لیا گیا ہے۔
کٹاریہ نے اپنے خط میں کہا کہ "جن اہلکاروں نے چیف منسٹر کی ہدایت کے باوجود کسانوں کو تازہ یاد دہانی بھیجی ہے، انہیں مناسب تادیبی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔" انہوں نے کہا کہ انہیں وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔