امراوتی: لوک سبھا اور آندھرا پردیش اسمبلی انتخابات 2024 کے نتائج سامنے آگئے ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کو لوک سبھا کے لیے اکثریت مل گئی ہے۔ ساتھ ہی تیلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) نے آندھرا پردیش کے انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے۔ چندرا بابو نائیڈو کی ٹی ڈی پی نے این ڈی اے کے ساتھ اتحاد میں آندھرا پردیش اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات میں حصہ لیا تھا۔
انتخابی نتائج آنے کے بعد آندھرا پردیش میں ٹی ڈی پی کی حکومت بننا یقینی ہے۔ ساتھ ہی چندرا بابو نائیڈو قومی سطح پر کنگ میکر کے طور پر ابھر کر سامنے آئے ہیں۔ انتخابی نتائج سامنے آنے کے بعد ٹی ڈی پی سربراہ نے میڈیا سے خطاب کیا اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ وہ دہلی میں ہونے والی این ڈی اے میٹنگ میں شرکت کے لیے بھی دہلی پہنچ گئے ہیں۔
این ڈی اے میں ہی رہیں گے نائیڈو
دہلی آنے سے قبل ٹی ڈی پی کے سربراہ این چندرا بابو نائیڈو نے ان قیاس آرائیوں کو بھی مسترد کر دیا کہ وہ انڈیا اتحاد کی حمایت کر سکتے ہیں۔ اس کی تردید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے اس ملک میں بہت سی سیاسی تبدیلیاں دیکھی ہیں۔ ہم این ڈی اے میں ہیں۔ فی الحال میں این ڈی اے کی میٹنگ میں شرکت کے لیے دہلی جا رہا ہوں۔
یہ ایک تاریخی الیکشن ہے
انہوں نے کہا کہ میں نے ایسا تاریخی الیکشن کبھی نہیں دیکھا۔ امریکہ سے لوگ اپنا پیسہ خرچ کرکے ووٹ ڈالنے آئے۔ دوسری ریاستوں میں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے لوگوں نے ووٹ دیا۔ میں نہیں جانتا کہ اس عزم کو کیسے بیان کروں اور اس کی تعریف کیسے کروں۔ یہ ایک تاریخی الیکشن ہے۔ یہ الیکشن ٹی ڈی پی اور آندھرا پردیش کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔