نئی دہلی: جے این یو کے سابق طالب علم عمر خالد نے بدھ کو انسداد دہشت گردی قانون یو اے پی اے کے تحت فروری 2020 کے شمال مشرقی دہلی فسادات کی سازش کے الزام میں درج کردہ ایک کیس میں سپریم کورٹ سے اپنی ضمانت کی درخواست واپس لے لی۔
جسٹس بیلا ایم ترویدی اور پنکج مٹھل کی بنچ کو خالد کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل کپل سبل نے بتایا کہ وہ "حالات میں تبدیلی" کی وجہ سے ضمانت کی درخواست واپس لینا چاہتے ہیں۔ سبل نے کہا کہ "میں قانونی سوال (یو اے پی اے کی دفعات کو چیلنج کرنے والے) پر بحث کرنا چاہتا ہوں لیکن حالات میں تبدیلی کی وجہ سے ضمانت کی عرضی واپس لینا چاہتا ہوں۔ ہم ٹرائل کورٹ میں اپنی قسمت آزمائیں گے"۔ تاہم سینئر وکیل نے حالات میں تبدیلی کی وضاحت نہیں کی۔
بنچ نے کپل سبل کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے خالد کی ضمانت کی عرضی واپس لینے کا حکم دیا۔ خالد نے دہلی ہائی کورٹ کے 18 اکتوبر 2022 کے حکم کو چیلنج کیا ہے جس کے ذریعے ان کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی گئی تھی۔ ہائی کورٹ نے خالد کی ضمانت کی عرضی کو یہ کہتے ہوئے مسترد کر دیا تھا کہ وہ دوسرے شریک ملزمان کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ان کے خلاف الزامات پہلی نظر میں درست ہیں۔