نئی دہلی: پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کا آج آخری دن ہے۔ ایسے میں لوک سبھا کی کارروائی کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔ سرمائی اجلاس کی کارروائی تسلی بخش نہیں رہی۔ دونوں ایوانوں میں آئے روز ہنگامہ ہوتا رہا۔
جمعرات کو پارلیمنٹ کمپلیکس میں کانگریس اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ممبران پارلیمنٹ کے درمیان گرما گرم بحث اور دھکا مکی ہوئی تھی۔ اس معاملے پر اپوزیشن اور حکمران جماعتیں آج احتجاج کر رہی ہیں۔ جہاں بی جے پی نے اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی پر این ڈی اے کے ممبران پارلیمنٹ کو دھکا دینے کا الزام لگایا ہے۔ وہیں، کانگریس نے حمکراں جماعت کے ارکان پارلیمان پر پارٹی صدر ملیکارجن کھرگے کو دھکا دینے کا الزام لگایا ہے۔ معاملہ اتنا بڑھ گیا کہ دونوں فریقوں نے سنسد مارگ پولیس اسٹیشن میں ایک دوسرے کے خلاف شکایت درج کروائی ہے۔
دہلی پولیس نے راہل گاندھی کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کی ہے۔
وجے چوک پر کانگریس کا احتجاج، پرینکا نے نشانہ بنایا:
لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کے خلاف ایف آئی آر پر کانگریس ایم پی پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا کہ پورا ملک دیکھ رہا ہے، انہوں نے راہل گاندھی پر کئی الزامات لگائے ہیں۔ انھوں نے تازہ ایف آئی آر درج کی اور جھوٹ بول رہے ہیں، یہ ان کی مایوسی کی سطح کو ظاہر کرتا ہے۔