دہلی:ملک گیر پیمانے پر لوک سبھا انتخابات کا رنگ چڑھ چکا ہے دہلی میں بھی سیاسی پارہ گرمانے لگا ہے تمام سیاسی جماعتیں عوام کو اپنی طرف راغب کرنے کے لیے تمام تر کوششیں کر رہی ہیں ایسے میں ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے شمال مشرقی دہلی کے شِو وہار میں رہنے والے ان لوگوں سے بات کی جنہوں نے دہلی فسادات میں اپنے گھر والوں کو کھویا ہے یا خود انہیں فسادات کے دوران شدید چوٹیں آئیں تھیں۔
دہلی فسادات کے دوران اپنی انکھیں گنوانے والے محمد وکیل سے ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے بات کی جس میں انہوں نے بتایا کہ وہ ایسے امیدوار کو ووٹ دیں گے جو نفرت کی بجائے محبت کی بات کرے ان کا کہنا تھا کہ سرکار بدلنی چاہیے اگر سرکار نہیں بدلتی ہے تو حالات مزید بدتر ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے واضح طور پر کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کے رہنما نے ان کی باز پرس نہیں کی اگر ان کے پاس کوئی بھی امیدوار ووٹ مانگنے کے لیے آتا ہے تو وہ ان سے سوال کریں گے کہ انہیں انصاف کب ملے گا؟ محمد وکیل انکھوں سے مکمل طور پر نابینا ہو چکے ہیں ان کے چہرے پر دہلی فسادات کے دوران تیزاب پھینکا گیا تھا۔