نئی دہلی:ٹھیک 16 سال قبل 2008 میں ممبئی میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا جس نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا۔ اس دن کو ہندوستان میں دہشت گردی کے سب سے بڑے حملوں میں سے ایک کے طور پر یاد کیا جاتا ہے، جسے 26/11 کے نام سے جانا جاتا ہے۔ ان حملوں نے ممبئی کو 59 گھنٹے تک دہشت زدہ کیا اور ان 59 گھنٹوں کے دوران ہونے والے واقعات نے پورے ملک کو چونکا دیا۔
دراصل 26 نومبر 2008 کو پاکستان سے 10 دہشت گرد سمندری راستے سے ممبئی میں داخل ہوئے تھے۔ ان دہشت گردوں نے سمندر کے راستے ممبئی کے اہم مقامات پر حملہ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ انہوں نے پرہجوم علاقوں کو نشانہ بنایا۔ رات کے اندھیرے میں یہ دہشت گرد ایک کشتی کے ذریعے ممبئی کے کولابا علاقے کے قریب تاج ہوٹل، اوبرائے ٹرائیڈنٹ ہوٹل، سی ایس ٹی ریلوے اسٹیشن اور نریمان ہاؤس میں داخل ہوئے۔
دہشت گردوں نے سب سے پہلے ممبئی کے تاج ہوٹل اور اوبرائے ٹرائیڈنٹ ہوٹل پر قبضہ کیا، جہاں انہوں نے ہوٹل کے عملے اور مہمانوں کو یرغمال بنایا۔ اس کے بعد انہوں نے کولابہ علاقے میں سی ایس ٹی ریلوے اسٹیشن پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس سے کئی بے گناہ لوگ مارے گئے۔ اس دوران دہشت گرد نریمان ہاؤس میں بھی داخل ہوئے اور کئی لوگوں کو یرغمال بنا لیا۔ دہشت گردوں کے ان حملوں کا مقصد پرہجوم مقامات پر دہشت پھیلانا تھا، دہشت گرد مکمل تربیت یافتہ تھے۔ وہ عام شہریوں کو نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ غیر ملکی شہریوں کو بھی اپنا نشانہ بنا رہے تھے۔