بیتیہ: وزیر اعظم نریندر مودی نے راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سربراہ لالو پرساد یادو اور ان کےکنبے کا نام لیے بغیر انہیں بہار کے نوجوانوں کا سب سے بڑا قصوروارقرار دیتے ہوئے بتایا کہ ریاست میں جنگل راج کے ذمہ دار اس کنبے نے بہار کے لاکھوں نوجوانوں سے ان کی قسمت چھین لی ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج بہار کے مغربی چمپارن ضلع کے بیتیہ میں تقریباً 12800 کروڑ روپے کے ریل، سڑک اور پٹرولیم اور قدرتی گیس سے متعلق متعدد بنیادی ڈھانچے کے پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا اورملک کے نام وقف کیا۔انہوں نے یہاں ہوائی اڈے کے میدان میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کے بعد دہائیوں میں بہار سے نوجوانوں کی نقل مکانی ایک بڑا چیلنج رہا ہے۔ جب یہاں جنگل راج آیا تو یہ ہجرت مزید بڑھ گئی۔ مسٹرلالو پرساد یادو کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہار میں جنگل راج لانے والا کنبہ ریاست کے نوجوانوں کا سب سے بڑا خطاکارہے۔ جنگل راج کے ذمہ دار کنبے نے بہار کے لاکھوں نوجوانوں کی قسمت چھینی ہے۔