نئی دہلی: دہلی کی پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے پارلیمنٹ سیکورٹی لیپس معاملے میں ملزم کی عدالتی تحویل میں 30 نومبر تک توسیع کر دی ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج ہردیپ کور نے یہ حکم دیا۔ سماعت کے دوران اس کیس کے تفتیشی افسر نے کہا کہ پارلیمنٹ میں پھینکے گئے ڈبے اور ڈیجیٹل آلات کی فرانزک رپورٹ موصول ہوگئی ہے۔ پیر کو کیس میں ملزم مہیش کماوت کی درخواست ضمانت پر فریقین کی جانب سے جزوی دلائل پیش کیے گئے۔ درخواست پر اگلی سماعت 19 نومبر کو ہوگی۔
اس سے قبل 11 ستمبر کو عدالت نے کیس میں ملزمہ نیلم آزاد کی درخواست ضمانت مسترد کر دی تھی۔ دہلی پولیس نے اپنی چارج شیٹ میں کہا ہے کہ ملزم پارلیمنٹ ہاؤس کو نشانہ بنا کر جمہوریت کو بدنام کرنا چاہتے تھے۔ ملزمان دو سال سے اس کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ ملزمان سوشل میڈیا پر ایک دوسرے سے رابطہ میں تھے اور میسور، گروگرام اور دہلی میں ان کی کل پانچ ملاقاتیں ہوئیں۔ ان کی پہلی ملاقات فروری 2022 میں میسور میں ہوئی تھی۔ عدالت نے دہلی پولیس کی اس چارج شیٹ کا تین اگست کو نوٹس لیا تھا۔