نئی دہلی: جمعرات کو سپریم کورٹ نے ایم ایل اے عباس انصاری کی درخواست ضمانت پر یوپی حکومت سے جواب طلب کیا۔ عباس انصاری نے اس مقدمے میں ضمانت کی درخواست کی ہے جس میں ان پر جیل میں قیام کے دوران اپنی اہلیہ کا موبائل فون استعمال کرنے اور بہت سے لوگوں کو دھمکیاں دینے کا الزام ہے۔ عباس انصاری کی بیوی ان سے ملنے جیل جاتی تھی۔
مؤ ایم ایل اے انصاری نے الہ آباد ہائی کورٹ کی لکھنؤ ڈویژن بنچ کے یکم مئی کے حکم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ اس میں عدالت نے ان کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔ اس معاملے میں ایف آئی آر فروری 2023 میں درج کی گئی تھی۔ یہ الزام لگایا گیا ہے کہ عباس انصاری کی اہلیہ اکثر قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جیل میں ان سے ملنے جاتی تھیں۔ انصاری کی اہلیہ کا ڈرائیور جیل حکام کی مدد سے عباس انصاری کو جیل سے فرار کرانے کی سازش کر رہا تھا۔ عباس انصاری کی درخواست پر جمعرات کو جسٹس سوریہ کانت، جسٹس اجل بھویان اور جسٹس دیپانکر دتہ نے سماعت کی۔