نئی دہلی:دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے ان کی عبوری ضمانت منظور کر لی ہے۔ عدالت نے ان کا کیس بھی لارجر بنچ کو بھیج دیا ہے۔ کیجریوال اس وقت تک ضمانت پر رہیں گے جب تک بڑی بنچ اس معاملے کی سماعت نہیں کرتی ہے۔
سپریم کورٹ نے ای ڈی کیس میں کیجریوال کو عبوری ضمانت دیتے ہوئے اس بات کا مشاہدہ کیا کہ اروند کیجریوال 90 دن کی قید کاٹ چکے ہیں اور یہ کہ وہ ایک منتخب لیڈر ہیں۔
سپریم کورٹ کی جانب سے سی ایم اروند کیجریوال کو عبوری ضمانت دینے پر کیجریوال کے وکیل رشیکیش کمار نے کہا کہ 'سپریم کورٹ نے انہیں عبوری ضمانت دے دی ہے اور دفعہ 19 اور گرفتاری کا معاملہ بڑی بنچ کے سپرد کر دیا گیا ہے۔ سی بی آئی کیس میں ان کی ضمانت ابھی زیر التوا ہے، یہ ایک بڑی جیت ہے۔