نئی دہلی: کانگریس صدر ملک ارجن کھڑگے نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی صرف جھوٹے اعداد و شمار پیش کرکے جھوٹ پھیلاتے ہیں، جس سے ایسا لگتا ہے کہ جھوٹ پھیلانا ہی مودی کی گارنٹی بن گیا ہے۔
صدر جمہوریہ کے خطاب پر شکریہ کی بحث پر مودی کے جواب کا جواب دیتے ہوئے کھڑگے نے بھارتیہ جنتا پارٹی-آر ایس ایس پر حملہ کیا اور کہا کہ جنہوں نے ملک کی آزادی کی تحریک میں حصہ نہیں لیا وہ آج حب الوطنی کی باتیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا، ''جو لوگ آئین کو نہیں مانتے تھے اور ڈانڈی مارچ اور 'ہندوستان چھوڑو تحریک' میں حصہ نہیں لیا وہ آج کانگریس کو حب الوطنی کا علم دے رہے ہیں۔ مودی جی نے یو پی اے حکومت کے بارے میں بے شمار جھوٹی باتیں کہیں۔ میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ یو پی اے کے دوران بے روزگاری کی شرح 2.2 فیصد کیوں تھی اور آپ کے دور حکومت میں یہ 45 سالوں میں سب سے زیادہ کیسے ہوگئی ہے۔ یو پی اے کے 10 سالوں میں جی ڈی پی کی اوسط شرح نمو 8.13 فیصد تھی، پھر آپ کے دور میں یہ صرف 5.6 فیصد کیوں ہے؟
کانگریس لیڈر نے حکومت سے سوال کیا، "ورلڈ بینک کے مطابق، ہندوستان 2011 میں ہی دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بن گیا ہے۔ ہم نے 10 سالوں میں 14 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا۔ ادھر ادھر کے بیانات گڑھ کر آپ انتشار اور جھوٹ پھیلا رہے ہیں۔ ہندوستان نے ڈیجیٹل انڈیا میں جو ترقی کی ہے اس کی بنیاد یو پی اے نے آدھار-ڈی بی ٹی بینک کھاتوں کے ذریعہ رکھی تھی اور ہم نے 2014 تک 65 کروڑ آدھار دیے تھے۔ سبسڈی کا کام DBT کے ساتھ شروع ہوا تھا۔ سوابھیمان یوجنا کے تحت ہم نے غریبوں کے 33 کروڑ بینک کھاتے بھی کھولے تھے۔