حیدرآباد: کرناٹک بی جے پی کی جانب سے کانگریس رہنما ورکن راجیہ سبھا رکن سید ناصر حسین اور ان کے حامیوں کے خلاف ودھانا سودھا میں مبینہ طور پر پاکستان کے حق میں نعرے لگانے پر درج کی گئی شکایت پر کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے کہا ہے کہ " یہ بی جے پی اور میڈیا والوں کا بے بنیاد الزام ہے’’۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے آواز کی رپورٹ ایف ایس ایل کو بھیج دی ہے۔ اگر کسی نے 'پاکستان زندہ باد' کا نعرہ لگایا ہے تو اس شخص کو سخت سزا دی جائے گی اور اس کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔
ودھانا سودھا میں سید ناصر حسین کے حامیوں کے مبینہ طور پر پاکستان کے حق میں نعرے لگانے پر کرناٹک کے وزیر داخلہ جی پرمیشورا کا کہنا ہے کہ "ہم اس کے بارے میں بہت سنجیدہ ہیں، اگر یہ ملک مخالف نعرہ ہے تو ہم اسے برداشت نہیں کریں گے، ایف ایس ایل ٹیم سے تصدیق ہونے کے بعد خاطی افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، اس ضمن میں مقدمہ گذشتہ روز ہی درج ہوچکا ہے، ہمیں ایف ایس ایل رپورٹ سے اس شخص کی شناخت کرنی ہے اور اگر یہ سچ ہے تو ہم اس کے خلاف کارروائی کریں گے۔