نئی دہلی: کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ ’’جمہوریت کو تباہ و برباد کرنے والوں کے خلاف ضرور کارروائی کی جائے گی۔ راہل گاندھی نے جمعہ کو ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ مرکزی تفتیشی بیورو اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو اپنا کام کرنا چاہئے اور اگر یہ لوگ اپنا کام کرتے تو ایسا نہ ہوتا۔
راہل گاندھی نے کہا "کسی دن اگر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی ) کی حکومت بدلتی ہے، تو یقینی طور پر جمہوریت کو ختم کرنے والے لوگوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی' اور ایسی کارروائی کی جائے گی کہ کسی کو دوبارہ ایسا کرنے کی ہمت نہیں ہوگی۔ یہ میری گارنٹی ہے۔"
قابل ذکر ہے کہ محکمہ انکم ٹیکس نے مالی سال 2017-18 سے 2020-21 کے لیے کانگریس پارٹی کو 1700 کروڑ روپے کا نیا نوٹس بھیجا ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ انکم ٹیکس کا یہ ڈیمانڈ نوٹس سال 2017-18 سے 2020-21 کے لیے ہے کانگریس کو بھیجے گئے نوٹس میں 1700 کروڑ روپے کا جرمانہ اور سود شامل ہے۔
محکمہ انکم ٹیکس کے نوٹس نے لوک سبھا انتخابات 2024 کے درمیان کانگریس کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے کانگریس نے دہلی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس میں 2017-2021 کے لیے محکمہ انکم ٹیکس کے جرمانے کی دوبارہ جانچ کا مطالبہ کیا گیا تھا، لیکن عدالت نے کانگریس کی عرضی کو مسترد کر دیا۔ اس کے بعد پارٹی کو نوٹس بھیجا گیا ہے۔