نئی دہلی: کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے جمعرات کو NEET میں مبینہ بے ضابطگیوں اور UGC-NET امتحان کی منسوخی پر حکومت پر سخت تنقید کی۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یہ بھی کہا کہ تعلیمی اداروں پر آر ایس ایس اور بی جے پی کا قبضہ ہے اور پیپر لیک ہونے کا سلسلہ تب تک نہیں رکے گا جب تک کہ ان کو تبدیل نہیں کیا جاتا۔
راہل گاندھی نے کہا، "یہ کہا جا رہا تھا کہ وزیر اعظم مودی نے یوکرین روس جنگ اور اسرائیل غزہ جنگ کو روکوا دیا، لیکن وہ یا تو امتحانی پیپر لیک ہونے کو روک نہیں پا رہے ہیں یا روکوانا نہیں چاہتے،"۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی بھارت جوڑو نیا یاترا کے دوران ہزاروں لوگوں نے پیپر لیک ہونے کی شکایت کی۔
انہوں نے مدھیہ پردیش میں ویاپم امتحان اور بھرتی گھوٹالہ کا حوالہ دیتے ہوئے حالیہ تنازعہ کے بارے میں کہا، ’’ویاپم کے طریقے کو ملک کے دیگر ریاستوں تک پھیلایا گیا ہے۔‘‘ راہل نے کہا، ’’کچھ بھی من مانی طریقے سے نہیں کیا جانا چاہیے، جو اصول ایک پیپر پر لاگو ہوتے ہیں وہی دوسرے پر بھی لاگو ہوتے ہیں،‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن امتحانی پیپر لیک کا معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھائے گی۔
راہل گاندھی نے کہا کہ آج ایک تنظیم کا نظام تعلیم پر مکمل کنٹرول ہے جس کی وجہ سے ہر عہدے پر وہ اپنے لوگوں کو تعینات کرتے ہیں، اس لیے ہمیں اس نظام کو بدلنا ہوگا، پیپر لیک پر ایکشن لینے کے ساتھ ساتھ پیپر لیک ہونے کو روکنے کے لیے سسٹم کو ری ڈیزائن کرنا بھی بہت ضروری ہے۔ اپوزیشن دباؤ ڈال کر حکومت سے یہ دونوں کام کروانے کی کوشش کرے گی۔