سرینگر (جموں و کشمیر):وزیر اعظم نریندر مودی مارچ کے مہینے میں ممکنہ طور پر کشمیر کا دورہ کر رہے ہیں۔ نریندر مودی جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کریں گے۔ ذرائع کے مطابق، وزیر اعظم مودی کا دورہ 7 مارچ سے 15 مارچ کے درمیان طے ہے۔ اس دورے کی خاص بات جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں ایک عوامی ریلی ہوگی، جس سے وہاں کے باشندوں کو مختلف مسائل پر وزیر اعظم کے ساتھ بات چیت کرنے کا موقع ملے گا۔
وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے کی تفصیلات سے واقف بی جے پی کے ایک لیڈر نے انکشاف کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹٰ کی کشمیر یونٹ کی جانب سے سرینگر میں ایک اضافی ریلی کا انعقاد کرنے کی گزارش کی جا رہی ہے۔ تاہم ابھی تک اس معاملے پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ بی جے پی لیڈر نے مزید کہا کہ مودی کے 7 مارچ سے 15 مارچ کے درمیان کسی بھی وقت کشمیر پہنچنے کی توقع ہے، جس کی درست تاریخ اور مکمل شیڈول کا اعلان جلد ہی کیا جائے گا۔