نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ انہوں نے آج تک اپنے لیے کوئی گھر نہیں بنایا ہے اور اگر وہ چاہتے تو اپنے لیے 'شیش محل' بنا سکتے تھے، لیکن یہ ان کا خواب رہا ہے کہ لوگوں کو مستقل مکان فراہم کیا جائے۔
راجدھانی دہلی کے اشوک وہار میں سوابھمان اپارٹمنٹ میں اِن سیٹو سلم بحالی پروجیکٹ کے تحت جھگی جھوپڑی (جے جے) گروپوں کے رہائشیوں کے لیے 1,675 نئے تعمیر شدہ فلیٹس سمیت کئی پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔ اپنے خطاب میں پی ایم مودی نے یہ بھی کہا کہ ماضی میں 10 سالوں میں ان کی قیادت والی مرکزی حکومت نے چار کروڑ سے زیادہ غریبوں کو گھر فراہم کرنے کا خواب پورا کیا۔
انہوں نے کہا، "ملک اچھی طرح جانتا ہے کہ مودی نے کبھی اپنے لیے گھر نہیں بنایا، لیکن گزشتہ 10 سالوں میں انہوں نے 4 کروڑ سے زیادہ لوگوں کے خواب پورے کیے ہیں۔ میں بھی شیش محل بنا سکتا تھا، لیکن میرے لیے یہ خواب تھا کہ میرے ہم وطنوں کو مستقل مکان ملیں۔
قابل ذکر ہے کہ دہلی کے سابق وزیر اعلی اروند کیجریوال کی 'عام آدمی' کی شبیہ پر حملہ کرنے کے لیے بی جے پی ان کی سول لائنز کی پرانی رہائش گاہ کو 'شیش محل' کے طور پر پیش کر رہی ہے۔ بی جے پی کا الزام ہے کہ اس رہائش گاہ کو نام نہاد شیش محل میں تبدیل کرنے میں کروڑوں روپے خرچ کیے گئے۔
وزیر اعظم نے دہلی میں عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کی قیادت والی حکومت کو 'آفت' حکومت قرار دیا اور الزام لگایا کہ وہ قومی راجدھانی کے لوگوں کو بنیادی سہولیات بھی مناسب طریقے سے فراہم نہیں کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ سے لاکھوں دہلی کے لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا ہے۔ گھر بنانے میں لاکھوں روپے لگانے کے بعد بھی اگر گٹر نہ ہوں، نالیاں ٹوٹی ہوں، گلیوں میں گندا پانی بہتا ہو، تو دہلی کے لوگوں کا دکھی ہونا فطری بات ہے۔