نئی دہلی: برطانیہ کے عام انتخابات میں رشی سنک کی حکمراں کنزرویٹیو پارٹی کو زبردست شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی کو واضح اکثریت کے ساتھ 14 برس بعد اقتدار میں شاندار واپسی ہوئی ہے۔ جس کے بعد اب یہ طئے ہوگیا ہے کہ لیبر پارٹی کے کیر اسٹارمر برطانیہ کے نئے وزیراعظم ہوں گے۔
کیر اسٹارمر کی کامیابی کے بعد دنیا بھر سے ان کو مبارکباد بھی دی جارہی ہے۔ وزیراعظم مودی نے رشی سنک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کیر اسٹارمر کو مبارکباد دی ہے۔ پی ایم مودی نے رشی سنک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ کی آپ کی قابل ستائش قیادت اور آپ کی میعاد کے دوران بھارت اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کو مزید گہرا کرنے میں آپ کی فعال شراکت کے لیے آپ کا شکریہ۔ آپ اور آپ کے خاندان کے لیے مستقبل کے لیے نیک خواہشات۔
اس کے ساتھ ساتھ پی ایم مودی نے برطانیہ ہونے والے نئے وزیراعظم مودی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ برطانیہ کے عام انتخابات میں شاندار کامیابی پر آپ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور نیک خواہشات۔ میں باہمی ترقی اور خوشحالی کو فروغ دیتے ہوئے تمام شعبوں میں بھارت-برطانیہ جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے آپ کے مثبت اور تعمیری تعاون کا منتظر ہوں۔