فرید آباد: نوح تشدد معاملے میں ضمانت پر باہر چل رہے کلیدی ملزم بٹو بجرنگی کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں بٹو بجرنگی ایک شخص کو پیٹتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ اس واردات کے وقت بغل میں ہی ایک پولیس اہلکار کھڑا نظر آتا ہے لیکن وہ بٹو بجرنگی کو ایسا کرنے سے نہیں روکتا۔ ذرائع کے مطابق یہ اہلکار بٹو بجرنگی کی سکیورٹی میں تعینات ہے۔ غنڈہ گردی اور تشدد کا یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولس نے بٹو بجرنگی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
- بٹو بجرنگی کا ویڈیو وائرل
پولیس کے ترجمان صوبے سنگھ نے جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے اس معاملے کا نوٹس لیا اور بٹو بجرنگی کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 323، 241، 506 اور 34 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ اس کے علاوہ پولیس ترجمان نے کہا کہ ویڈیو میں نظر آنے والے پولیس اہلکار کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ سارن تھانے کے ایس ایچ او سنگرام سنگھ نے بتایا کہ پولیس وائرل ویڈیو میں مارے جانے والے متاثرہ شخص کو تلاش کر رہی ہے۔
- پولیس اہلکار کی موجودگی میں پٹائی
بتایا جا رہا ہے کہ وائرل ہو رہا ویڈیو فرید آباد میں بٹو بجرنگی کے گھر کے باہر کا ہے۔ یہ اطلاع یہ بھی آ رہی ہے کہ ویڈیو میں جس نوجوان کی پٹائی کی جا رہی ہے وہ یوپی کا رہنے والا ہے اور فرید آباد میں کرائے کے مکان میں رہتا ہے۔ ویڈیو میں بٹو بجرنگی پولیس اہلکار کی موجودگی میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر اس بے بس نوجوان کو لاٹھی سے بے دردی سے پیٹتے ہوئے نظر آ رہا ہے۔ تاہم ابھی تک اس معاملے پر بٹو بجرنگی کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے، حالانکہ ذرائع کے مطابق اس واردات کا ویڈیو سوشل میڈیا پر خود بٹو بجرنگی نے ہی پوسٹ کیا تھا۔
- نوح فساد سے سرخیوں میں آیا بٹو بجرنگی