چتور گڑھ۔ کانگریس امیدوار ادے لال آنجنا نے جمعرات کو راجستھان کے ضلع چتور گڑھ پارلیمانی سیٹ سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ ایک عظیم ریلی کے ساتھ آنجنا کلکٹریٹ پہنچے، جہاں انہوں نے ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر آلوک رنجن کی موجودگی میں اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ اسی دوران اینانی سٹی سنٹر میں منعقدہ نامزدگی میٹنگ میں پارٹی کے قومی صدر ملکارجن کھرگے کے ساتھ ریاستی صدر گووند سنگھ ڈوٹاسرا، سابق نائب وزیر اعلیٰ سچن پائلٹ اور دیگر لیڈران موجود تھے، جنہوں نے عوام سےکانگریس امیدوار کی حمایت میں ووٹ دینے کی اپیل کی۔
اس کے ساتھ ہی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے قومی صدر ملکارجن کھرگے نے بی جے پی اور سنگھ سے یکے بعد دیگرے کئی سوال پوچھے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی آزادی میں بی جے پی اور آر ایس ایس کا کیا حصہ رہا ہے؟ کانگریس والوں نے انگریزوں کی گولیاں کھائیں۔ لاٹھیاں کھائیں، کانگریسیوں نے انگریزوں کے خلاف احتجاج کئے اور پھر جیل بھی گئے، تب جاکر یہ آزادی ملی ہے۔