مالیگاؤں:مہاراشٹر کے مسلم اکثریتی شہر مالیگاؤں میں واقع مالدہ شیوار علاقے میں خاتون حجن مسجد کے پاس ایک مکان میں اچانک آگ لگنے کی وجہ سے ایک ہی گھر کے کئی افراد شدید زخمی ہوگئے اور ایک 35 سالہ معذور شخص جاں بحق ہوگیا۔ جس کے بعد متاثرین سمیت محلے کے سرکردہ افراد نے پرائیویٹ بجلی کمپنی کے خلاف ایف آئی آر کا مطالبہ کیا ہے۔
اس تعلق سے میونسپل کارپوریشن کے محکمہ فائر بریگیڈ کے شکیل تیراک نے نمائندے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ مالدہ شیوار علاقے کے کچھ سماجی کارکنان نے فون پر آگ لگنے کی اطلاع دی۔ جس کے بعد دونوں فائر اسٹیشن سے تین گاڑیوں کو روانہ کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آگ کی شدت کی وجہ سے آگ پر قابو پانے میں کافی دشواریاں پیش آئیں، لیکن کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔
شکیل تیراک نے بتایا کہ اس بھیانک حادثے میں 35 سالہ معذور شخص کی گھر میں پھنسے رہنے کی وجہ سے موت ہوگئی اور مزید گھر کے افراد شدید طور پر زخمی ہوگئے ہیں، جنہیں سِول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
اس تعلق سے سماجی کارکن شفیق شیخ نے بتایا کہ محلے کے نوجوانوں کے مطابق آگ ٹرانسفارمر کی وجہ سے لگی تھی۔ اور یہ دوسرا حادثہ ہے جو بجلی کمپنی کی لاپرواہی کی وجہ سے رونما ہوا ہے، کچھ دن قبل بھی ایک بچے کی بجلی کے پول سے کرنٹ لگنے کے سبب موت واقعے ہوگئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ بجلی کمپنی نے جو وعدہ کیا اسے اب تک پورا نہیں کیا ہے۔ اسلئے مقامی سیاسی لیڈران اس طرف توجہ دیں اور پرائیویٹ بجلی کمپنی کی من مانی پر لگام لگی جائے۔