اردو

urdu

ETV Bharat / bharat

مہا وکاس اگھاڑی میں سیٹوں کی تقسیم پر مفاہمت، ادھو ٹھاکرے نے جاری کی پہلی فہرست - MVA SEAT SHARING AGREEMENT

شیوسینا (ادھو گروپ) نے مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے لیے 65 امیدواروں کی فہرست جاری کی ہے۔

مہا وکاس اگھاڑی میں سیٹوں کی تقسیم پر مفاہمت
مہا وکاس اگھاڑی میں سیٹوں کی تقسیم پر مفاہمت (IANS)

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Oct 24, 2024, 7:47 AM IST

ممبئی: مہواکاس اگھاڑی میں کانگریس، شیوسینا (ادھو گروپ) اور این سی پی (شرد پوار گروپ) نے 85-85 سیٹوں پر الیکشن لڑنے پر اتفاق کیا ہے۔ شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ اتحاد میں شامل دیگر تمام پارٹیاں جیسے سماج وادی پارٹی، پی ڈبلیو پی، کمیونسٹ پارٹیاں بھی اگھاڑی میں الیکشن لڑیں گی۔ راوت نے یہ جانکاری این سی پی صدر شرد پوار کے ساتھ یشونت راؤ چوان پرتشتھان میں ان لیڈروں کی ملاقات کے بعد دی۔

مہاوکاس اگھاڑی میں سیٹوں کی تقسیم

دریں اثنا مہاراشٹر کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے کہا، "ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ کانگریس، این سی پی (شرد پوار کا دھڑا) اور شیوسینا (یو بی ٹی) 85-85 سیٹوں پر الیکشن لڑیں گے اور باقی 18 سیٹوں پر سماج وادی پارٹی سمیت اپنی حلیف جماعتوں سے بات کریں گے اور کل تک انہیں منظوری مل جائے گی۔ ہم مہا وکاس اگھاڑی کے طور پر الیکشن لڑ رہے ہیں اور ہم حکومت بنائیں گے۔"

قابل ذکر ہے کہ مہاوکاس اگھاڑی میں شامل شیو سینا (ادھو گروپ)، کانگریس اور این سی پی (شرد پوار گروہ) کا اصل مقابلہ مہاوتی سے ہوگا جس میں بھارتیہ جنتا پارٹی، شیو سینا (شندے گروپ) اور این سی پی (اجیت پوار گروپ) شامل ہے۔

شیوسینا (ادھو گروپ) نے جاری کی لسٹ

ادھو ٹھاکرے کی شیوسینا نے بدھ کو مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے لیے 65 امیدواروں کی فہرست جاری کی۔ اس میں آدتیہ ٹھاکرے اور سنیل راوت کے نام شامل ہیں۔ امیدواروں کی فہرست کے مطابق آدتیہ ٹھاکرے ورلی اسمبلی حلقہ سے الیکشن لڑیں گے۔

شیو سینا کے ٹھاکرے گروپ نے کوپری حلقہ سے کیدار دیگھے اور چالیس گاؤں سے انمیش پاٹل کو وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے خلاف میدان میں اتارا ہے۔ وہیں پچورا میں ٹھاکرے کی کزن ویشالی سوریاونشی کو شندے کے ایم ایل اے کشور اپا پاٹل کے خلاف میدان میں اتارا گیا ہے۔ بالاپور سے ایک بار پھر نتن دیشمکھ کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔

یووا سینا کے رہنما اور ٹھاکرے کے کزن ورون سردیسائی ممبئی کے باندرہ (مشرقی) سے الیکشن لڑیں گے۔ پارٹی نے اپنے بیشتر ایم ایل ایز کو پھر سے ٹکٹ دیا ہے۔ یہ ایم ایل اے 2022 میں پارٹی کی تقسیم کے بعد پارٹی سربراہ اور مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کے ساتھ کھڑے رہے۔

مہاراشٹر اسمبلی کی تاریخ

قابل ذکر ہے کہ مہاراشٹر کی 288 اسمبلی سیٹوں پر 20 نومبر کو ووٹنگ ہوگی۔ ریاست میں ووٹنگ صرف ایک مرحلے میں ہوگی اور نتائج کا اعلان 23 نومبر کو کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: مہاراشٹر اسمبلی انتخابات: شیوسینا نے 45 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی

ABOUT THE AUTHOR

...view details