نئی دہلی:کولکاتہ عصمت دری اور قتل کیس میں جمعرات کو سپریم کورٹ میں ایک اہم سماعت ہوگی۔ سی بی آئی آج سپریم کورٹ میں اسٹیٹس رپورٹ پیش کرے گی۔ قبل ازیں سماعت کے دوران عدالت عظمیٰ نے اس پورے معاملے میں حکومت اور پولیس کے رویہ پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔ چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندرچوڑ نے مغربی بنگال پولیس کی سخت سرزنش کی تھی۔ ساتھ ہی اس پورے معاملے کی تحقیقاتی رپورٹ دو دن میں پیش کرنے کو کہا گیا ہے۔ چیف جسٹس آف انڈیا نے اسپتال میں سیکورٹی کو لے کر کئی بڑے احکامات دیے تھے۔
سپریم کورٹ کولکاتاکے آر جی کار اسپتال میں ٹرینی ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کے معاملے میں ازخود نوٹس کی سماعت کر رہی ہے۔ اس سے قبل کیس کی سماعت منگل (20 اگست) کو ہوئی تھی۔ یہ سماعت چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندرچوڑ کی سربراہی والی بنچ میں ہوئی۔ اس بنچ میں جسٹس جے بی پارڈی والا اور جسٹس منوج مشرا شامل ہیں۔