نئی دہلی: دہلی کے اولڈ راجندر نگر میں پیش آئے واقعہ کے خلاف سڑک سے پارلیمنٹ تک ہنگامہ ہے۔ اسی سلسلے میں لوک سبھا میں تقریر کرتے ہوئے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ بنسوری سوراج نے کہا کہ وہ طلباء آئی اے ایس امتحان کی تیاری کے لیے دہلی آئے تھے لیکن افسوس کی بات ہے کہ دہلی حکومت کی مجرمانہ لاپرواہی کی وجہ سے یہ طلباء ہلاکت کا شکار ہوگئے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نالے کا پانی کوچنگ سینٹر کے تہہ خانے میں بھر گیا اور پورا تہہ خانے زیر آب آنے سے تین طالب علم ہلاک ہوگئے۔ یہ بچے تلنگانہ، کیرالہ اور اتر پردیش سے آئی اے ایس کی تیاری کے لیے آئے تھے۔ لیکن مجھے افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ دہلی حکومت کی لاپرواہی کی وجہ سے یہ بچے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ عام آدمی پارٹی ایک دہائی سے دہلی میں اقتدار کا مزہ لے رہی ہے، لیکن دہلی کے لوگوں کے لیے کام نہیں کر رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ایم سی ڈی اور دہلی جل بورڈ بھی پچھلے دو سالوں سے عام آدمی پارٹی کے ماتحت ہیں۔ 22 اور 24 جولائی سے وہاں کے کونسلر اور رکن اسمبلی اس بارے میں افسران سے مسلسل شکایت کر رہے تھے۔ رکن اسمبلی نے طنز کیا لیکن کوئی کارروائی نہیں کی۔ میں وزارت داخلہ سے درخواست کرتی ہوں کہ اس معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے۔