نئی دہلی:دہلی حکومت کی وزیر آتشی نے الزام لگایا ہے کہ دہلی کی کیجریوال حکومت کے خلاف بہت بڑی سازش رچی جا رہی ہے۔کیونکہ ایک کے بعد ایک ہو رہے واقعات یہی ظاہر کرتے ہیں۔ آتشی کا الزام ہے کہ مرکزی حکومت آنے والے وقت میں دہلی میں صدر راج نافذ کرنے جا رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا ہے کہ افسران دہلی حکومت کی کسی میٹنگ میں حصہ بھی نہیں لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ تمام نشانات بتاتے ہیں کہ دہلی حکومت کو گرانے کی سازش رچی جا رہی ہے۔ اور صدر راج نافذ لگانے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اروند کیجریوال کو ای ڈی اور مرکزی حکومت نے بغیر کسی ثبوت کے ایک فرضی کیس میں گرفتار کیا ہے۔ بی جے پی جانتی ہے کہ وہ اروند کیجریوال کو ہرا نہیں سکتی چاہے وہ کچھ بھی کر لے، اس لیے اس نے انہیں جیل میں ڈال دیا ہے۔
کیجریوال حکومت کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیجریوال حکومت نے مفت بجلی، مفت پانی، سرکاری اسکولوں میں مفت علاج، محلہ کلینک اور خواتین کو مفت بس سفر کی سہولیات فراہم کی ہیں۔ دہلی کو چھوڑیں، بی جے پی کسی بھی ریاست میں ایسی پالیسی نافذ نہیں کر سکتی۔ بی جے پی کیجریوال کے وعدے سے خطرہ محسوس کر رہی ہے۔ دہلی کی ہر خاتون کو ہر ماہ ایک ہزار روپے ملیں گے۔ اس لیے سیاسی سازش رچی گئی ہے۔