نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو روسی صدر ولادیمیر پوتن کو روسی فیڈریشن کے صدر کے طور پر دوبارہ منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ پی ایم مودی نے سوشل میڈیا پر پوتن کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھارت اور روس کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے منتظر ہیں۔
مودی کے کے علاوہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے بھی ولادیمیر پوتن کو صدارتی انتخابات میں دوبارہ کامیابی ملنے پر مبارکباد دی۔ ایرانی سفارت خانہ نے ٹیلی گرام پر لکھا، "ایرانی صدر نے تہنیتی پیغام بھیجا ہے جس میں انہوں نے ولادیمیر پوتن کو اپنی فتح اور روسی صدر کے عہدے پر دوبارہ منتخب ہونے پر دلی مبارکباد دی ہے۔"
ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوئیف نے روسی صدر ولادیمیر پوتن کو مبارکباد دی۔ واضح رہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن نے ایک بار پھر صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ولادیمیر پوتن نے صدارتی انتخابات میں اپنی پانچویں کامیابی پر روس کے شہریوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
پوتن نے اپنے انتخابی ہیڈ کوارٹر میں کہا کہ سب سے پہلے، میں روس کے شہریوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جو پولنگ اسٹیشنوں پر آئے اور ووٹ دیا۔ہم سب ایک ٹیم ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ روس میں طاقت کا سرچشمہ اس کے عوام ہیں۔