نئی دہلی: بھارت نے کینیڈا کے رہنماؤں کی موجودگی میں ٹورنٹو میں ایک تقریب میں لگائے گئے خالصتان کے حق میں نعروں پر سخت احتجاج کیا۔وزارت خارجہ نے پیر کے روز کینیڈا کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو وزیر اعظم ٹروڈو کی تقریب میں خالصستان پر علیحدگی پسند نعرے لگانے کے سلسلے میں طلب کیا۔
دراصل کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو خالصہ ڈے کی تقریب میں عوام سے خطاب کر رہے تھے کہ اس دوران خالصتان کے حق میں نعرے لگائے گئے۔اپنی تقریر میں ٹروڈو نے سکھ برادری کو یقین دلایا کہ کینیڈین حکومت ان کے حقوق اور آزادیوں کا ہر قیمت پر تحفظ کرے گی۔
ٹورنٹو میں یوم خالصہ کی تقریبات میں شرکت کرنے والوں میں کنزرویٹو لیڈر پیئر پوئیلیور، نیو ڈیموکریٹک پارٹی (این ڈی پی) کے رہنما جگمیت سنگھ اور ٹورنٹو کے میئر اولیویا چاؤ شامل تھے۔ خالصہ ڈے سکھوں کے نئے سال کے جشن کے طور پر منایا جاتا ہے۔