ممبئی: ممبئی میں پیر کو مسلسل دوسرے دن بھی موسلادھار بارش جاری ہے، کچھ علاقوں میں صبح صرف ایک گھنٹے میں 34 ملی میٹر تک بارش ہوئی، جس سے سینٹرل ریلوے نیٹ ورک کے کلیان اور ٹھاکرلی اسٹیشنوں کے درمیان مصروف اوقات میں لوکل ٹرین خدمات متاثر ہوئیں۔
حکام نے بتایا کہ صبح 8 بجے تک گزشتہ 24 گھنٹوں میں، ممبئی میں اوسطاً 135 ملی میٹر، مشرقی ممبئی میں 154 ملی میٹر اور مغربی ممبئی میں 137 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی تین ٹیموں کو ممبئی میں تعینات کیا گیا ہے تاکہ شہر اور اس کے مضافات میں تیز لہر اور موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کے درمیان کسی بھی صورت حال سے نمٹا جا سکے۔
محکمہ موسمیات (IMD) نے، شہر اور مضافات میں بھاری سے بہت زیادہ بارش، الگ تھلگ مقامات پر انتہائی بھاری بارش کے امکان کی پیش گوئی کی ہے۔
بی ایم سی کے مطابق، ساحل سمندر پر دوپہر 12.59 بجے 4.59 میٹر کی ہائی ٹائیڈ متوقع ہے۔
مالابار اور ملنڈ ہل میں صبح 6 بجے سے صبح 7 بجے کے درمیان 34 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، اس کے بعد بھنڈوپ میں 29 ملی میٹر، وڈالا ایسٹ میں 24 ملی میٹر اور ورسووا میں 20 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ویسٹرن ریلوے نے بتایا کہ پیر کی صبح لوکل ٹرین خدمات معمول کے مطابق چل رہی تھیں، تاہم، مسافروں کا دعویٰ ہے کہ ٹرینیں 5 سے 10 منٹ کی تاخیر سے چل رہی ہیں۔
سنٹرل ریلوے نے یہ بھی کہا کہ چاروں راہداریوں پر لوکل خدمات معمول کے مطابق ہیں۔ تاہم مسافروں نے بتایا کہ صبح کے رش کے وقت کلیان اور ٹھاکرلی اسٹیشنوں کے درمیان سگنل کی دشواری کی وجہ سے ٹرین کی آمدورفت متاثر ہوئی۔