لکھنؤ: حج کمیٹی آف انڈیا نے عازمین حج کے لیے درخواست دینے کی آخری تاریخ 23 ستمبر 2024 تک بڑھا دی ہے۔ یہ فیصلہ ریاستی حج کمیٹیوں، حج سے متعلق سرکاری اور غیر سرکاری تنظیموں، پاسپورٹ دفاتر اور بعض علاقوں میں موسلادھار بارش کی وجہ سے متاثر ہونے والی زندگی کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ حج کے خواہش مند عازمین کی بڑھتی ہوئی درخواستوں کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔
حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای او ڈاکٹر لیاقت علی آفاقی (آئی آر ایس) نے کہا کہ حج پر جانے کے خواہش مند لوگ اب 23 ستمبر 2024 تک حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ یا موبائل ایپ "حج سوودھا" کے ذریعے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔ ڈاکٹر آفاقی نے درخواست گزاروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ حج 2025 کے رہنما خطوط اور حلف نامے کا بغور مطالعہ کریں۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ یہ تاریخ تقریباً حتمی ہے اور اس کے بعد توسیع ناممکن ہے کیونکہ سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق حج 2025 کے تمام انتظامی کام اکتوبر تک مکمل کرنے ہوں گے۔ اس لیے خواہش مند درخواست دہندگان سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی درخواستیں مقررہ مدت میں جمع کرائیں۔