بیلگام:گوا کے سابق ایم ایل اے لاو مملیدار (69) کی کرناٹک میں ایک آٹو ڈرائیور کے حملے کے بعد موت ہوگئی۔ یہ واقعہ ہفتہ کی دوپہر بیلگام شہر میں پیش آیا۔ متوفی لاو 2012 سے 2017 تک گوا کے پونڈا حلقہ سے کانگریس کے ایم ایل اے تھے۔
تھانہ مارکیٹ پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش کی اور ملزم کو حراست میں لے لیا۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بیلگام ڈسٹرکٹ اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ خبر کے مطابق، یہ واقعہ بیلگام کے کھرے بازار میں سری نواس لاج کے سامنے پیش آیا، کھرے بازار کے قریب سابق ایم ایل اے کی کار ایک آٹو سے ٹکرا گئی۔
اس کے بعد آٹو ڈرائیور لاج کے سامنے آیا اور سابق ایم ایل اے پر حملہ کر دیا۔ حملے کے بعد سابق ایم ایل اے لاو لاج روم میں جانے کے لیے سیڑھیاں چڑھ رہے تھے کہ اچانک وہ نیچے گر گئے۔ پولیس کے مطابق یہ سارا واقعہ سی سی ٹی وی میں قید ہو گیا ہے۔