حیدرآباد:تلنگانہ میں پولیس نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حیدرآباد لوک سبھا حلقہ کی امیدوار مادھوی لتا اور دیگر بی جے پی رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ یہ معاملہ حال ہی میں یہاں انتخابی مہم میں مبینہ طور پر نابالغوں بچوں کا استعمال کرنے پر درج کیا گیا ہے۔
تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی (ٹی پی سی سی) کے نائب صدر نرنجن ریڈی نے الزام لگایا کہ یکم مئی کو لال دروازہ سے سدھا ٹاکیز تک بی جے پی کی ریلی کے دوران کچھ نابالغ بچے شاہ کے ساتھ اسٹیج پر موجود تھے۔ نرنجن ریڈی نے تلنگانہ کے چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) سے بھی اس کی شکایت کی ہے۔الیکشن کمیشن کی ہدایات کی خلاف ورزی
ایف آئی آر کی کاپی پر دستیاب معلومات کے مطابق نرنجن ریڈی نے الزام لگایا کہ ریلی میں ایک بچہ بی جے پی کے نشان کے ساتھ دیکھا گیا جو کہ الیکشن کمیشن کے رہنما خطوط کی صریح خلاف ورزی ہے۔ الیکشن کمیشن میں ان کی شکایت کے بعد، ریٹرننگ آفسر نے اسے حقائق پر مبنی رپورٹ کے لیے سٹی پولیس کو بھیج دیا، جس کی وجہ سے مغل پورہ پولیس اسٹیشن نے جمعرات کی شام 7 بجے شاہ کے خلاف ایف آئی آر درج کی۔
ان رہنماؤں کے خلاف بھی مقدمات درج ہیں۔