دہلی: مجاہد آزادی اور مقبول لیڈر برسا منڈا کے 150ویں یوم پیدائش کے موقع پر مرکزی حکومت نے دہلی کے سرائے کالے خاں آئی ایس بی ٹی چوک کا نام بدل کر برسا منڈا چوک رکھنے کا اعلان کیا۔ غور طلب ہے کہ مرکزی شہری ترقیات کے وزیر منوہر لال کھٹر نے چوک کا نام تبدیل کرنے کا اعلان کیا۔
برسا منڈا کے یوم پیدائش کے موقع پر ملک بھر میں قبائلی فخر کا دن منایا جا رتا ہے۔ مرکزی حکومت نے 2021 میں منڈا کے یوم پیدائش کو قبائلی فخر کے دن کے طور پر منانے کا اعلان کیا تھا۔ اس موقع پر ملک بھر میں کئی پروگرام بھی منعقد کیے جاتے ہیں۔
دہلی میں منڈا کے مجسمے کی نقاب کشائی:
چوک کا نام تبدیل کرنے کے بارے میں مرکزی وزیر منوہر لال کھٹر نے کہا، ''میں آج اعلان کر رہا ہوں کہ یہاں آئی ایس بی ٹی بس اسٹینڈ کے باہر بڑا چوک برسا منڈا کے نام سے جانا جائے گا۔ اس مجسمے اور اس چوک کا نام دیکھ کر نہ صرف دہلی کے شہری بلکہ بین الاقوامی بس اسٹینڈ پر آنے والے لوگ بھی ان کی زندگی سے متاثر ہوں گے۔"
اس سے قبل آج مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے راجدھانی دہلی میں سرائے کالے خاں کے قریب بنسیرا پارک میں برسا منڈا کے 150ویں یوم پیدائش پر ان کے عظیم مجسمے کی نقاب کشائی کی۔ وزیر اعظم نریندر مودی خود یوم قبائلی فخر منانے بہار کے جموئی پہنچے ہیں۔ پی ایم مودی راجدھانی پٹنہ سے تقریباً 200 کلومیٹر دور جموئی ضلع کے ایک دور افتادہ گاؤں میں اس موقع پر منعقد ایک پروگرام میں شرکت کی۔