حیدرآباد : دہلی ۔ این سی آر میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ اطلاعات کے مطابق زلزلے کے جھٹکے دہلی، ہریانہ، جموں و کشمیر اور پنجاب کے علاوہ پڑوسی ملک پاکستان کے متعدد علاقوں میں بھی محسوس کئے گئے۔ زلزلے کا مرکز افغانستان اور پاکستان میں بتایا جارہا ہے جبکہ ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 5.8 بتائی گئی۔ مرکز زمین سے 33 کلومیٹر نیچے بتایا گیا ہے۔ افغانستان کے وقت کے مطابق صبح 11 بجکر 26 منٹ پر زلزلہ آیا جس کا اثر دہلی تک دیکھا گیا۔
پاکستان سے موصول اطلاعات کے مطابق اسلام آباد سمیت پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کی شدت کے باعث لوگ گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ اس موقع پر لوگوں میں خوف کا ماحول دیکھا گیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ زلزلے کے جھٹکے محسوس ہونے کے بعد گھروں کی چھتوں کے پنکھے اور دوسری چیزیں ہلنے لگیں۔