نئی دہلی: حکومت ہند نے جمعرات کو کہا کہ وہ ملازمت کے لئے اسرائیل جانے والے بھارتی مزدوروں کی حفاظت اور بہبود کو یقینی بنانے کے لئے اسرائیلی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے آج یہاں ایک باقاعدہ بریفنگ میں صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کہا کہ بھارتی مزدوروں کی پہلی کھیپ جی ٹو جی (حکومت سے حکومت) معاہدے کے تحت اسرائیل گئی ہے۔ ہمارے لیے ان کی حفاظت اور بہبود اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ"ہم نے اسرائیلی حکام پر زور دیا ہے کہ وہ ان کی دیکھ بھال کے لیے اپنی پوری کوشش کریں۔"
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ بھارتی مزدوروں کی پہلی کھیپ ایمپلائی موبلٹی معاہدے کے تحت اسرائیل گئی ہے جس پر ہم نے اسرائیلی حکومت کے ساتھ دستخط کیے ہیں۔ یہ معاہدہ حماس کے ساتھ تنازع شروع ہونے سے پہلے کا ہے۔ انھوں نے کہا کہ "تاہم، ہم ان کی سلامتی کے بارے میں آگاہ ہیں۔ ہم نے اسرائیلی حکام پر زور دیا ہے کہ وہ ان کی حفاظت اور بہبود کو یقینی بنائیں۔"
تائیوان کے زلزلے میں لاپتہ ہونے والے بھارتی شہریوں کے بارے میں پوچھے جانے پر ترجمان نے کہاکہ "ہم دو بھارتیوں سے رابطہ کرنے میں کامیاب رہے ہیں جن سے پہلے رابطہ نہیں ہوسکا تھا۔ دونوں بھارتی محفوظ ہیں۔‘‘