گوہاٹی: آسام میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی، کے سی وینو گوپال، کنہیا کمار اور دیگر کانگریس کے رہنماوں کے خلاف تشدد، اشتعال انگیزی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے الزامات میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ آسام وزیراعلی ہمنتا بسوا سرما نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ "کانگریس ارکان کے ذریعہ آج تشدد، اشتعال انگیزی، عوامی املاک کو نقصان پہنچانے اور پولیس اہلکاروں پر حملہ کے خلاف راہل گاندھی، کے سی وینوگوپال، کنہیا کمار اور دیگر افراد کے خلاف مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
قبل ازیں منگل کو کانگریس کے حامیوں کی پولیس کے ساتھ جھڑپ ہوئی کیونکہ انتظامیہ نے راہل گاندھی کی 'بھارت جوڑو نیائے یاترا' کو گوہاٹی میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی تھی کیونکہ شہر میں ٹریفک کی بھاری بھیڑ کے امکان کا حوالہ دیا گیا تھا۔ اس کے بعد آسام کے وزیر اعلیٰ نے ریاستی ڈی جی پی کو ہدایت دی کہ وہ راہل گاندھی کے خلاف اپنی یاترا کے دوران "بھیڑ کو اکسانے" کے لیے پولیس شکایت درج کریں۔