جامتاڑا: جھارکھنڈ کے جامتارا ضلع میں ودیا ساگر اور کالا جھریا کے درمیان ٹرین کی زد میں آکر ایک درجن مسافروں کی موت کی اطلاع ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق بھاگلپور سے یسونت پور جانے والی انگ ایکسپریس کو کالا جھریا کے قریب تکنیکی وجوہات کی وجہ سے روک دیا گیا تھا۔ اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ انگ ایکسپریس کے کئی مسافر ٹرین سے نیچے اتر گئے تھے، اس دوران دوسرے ٹریک پر آسنسول سے بیدیا ناتھ دھام جانے والی مسافر ٹرین کی زد میں آ گئے۔
موقع پر موجود ای ٹی وی بھارت کے رپورٹر کے مطابق چار لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔ مقامی انتظامیہ اور پولیس کی ٹیم پہنچ گئی ہے۔ اندھیرے کے باعث ریسکیو آپریشن کرنا مشکل ہو رہا ہے۔ اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد 12 سے زیادہ ہو سکتی ہے۔ پورے علاقے میں کہرام مچ گیا ہے۔ ابھی تک ریلوے کا کوئی اہلکار موقع پر نہیں پہنچا۔