علیگڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) اور یونیورسٹی ٹکنالوجی برونائی (یو ٹی بی)، برونئی دارالسلام نے باہمی اشتراک و تعاون اور علمی تبادلے کے امکانات تلاش کرنے کے لئے ایک یادداشت مفاہمت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں۔
علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون اور یو ٹی بی وائس چانسلر داتین پدوکا پروفیسر ڈاکٹر دیانگ حاجہ زہرہ بنت حاجی سلیمان نے اے ایم یو رجسٹرار محمد عمران آئی پی ایس، یو ٹی بی کے اسسٹنٹ وائس چانسلر (ریسرچ اینڈ انوویشن) اے ایم یو سے فارغ التحصیل پروفیسر ڈاکٹر محمد حسنین عیسیٰ اور شعبہ سول انجینئرنگ کے چیئرمین پروفیسر اظہار الحق فاروقی کی موجودگی میں مفاہمت نامے پر دستخط کئے۔