ممبئی: ملک کے حالات انتہائی خراب ہیں ایسے میں مسلمانوں کو اپنے دستاویزات اور سرکاری دستاویزات کی تصحیح انتہائی ضروری ہے ۔اس کے علاوہ مسلمان اپنا نام ووٹر لسٹ میں اندراج کروائیں اور یہ یقینی بنائیں کہ ان کا نام ووٹر لسٹ میں شامل ہے یا نہیں کیونکہ اگر آپ نے ایک مرتبہ ووٹ دیاہے تو اس کے باوجود آپ کے نام ووٹر لسٹ سے حذف ہوسکتے ہیں اس لئے اپنے ناموں کے اندراج اور اس کی جانچ ضروری ہے۔ اس قسم کا اظہارخیالات شیکلکر سماج کے دس سالانہ یوم تاسیس پر رکن اسمبلی اور ایس پی لیڈر ابوعاصم اعظمی نے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں کوئی پارٹی اب ایسی نہیں ہے جو مسلمانوں کو ساتھ لینے کو تیار ہے۔ پارٹی کے اسٹیج پر مسلمانوں کو بلانا بھی انہیں گوارا نہیں ہے کیونکہ مسلمانوں کے ان کے ساتھ آنے سے غیر مسلم ان سے دور ہوسکتے ہیں لیکن ہر پارٹی کو مسلمانوں کو ووٹ ضرور چاہئے ۔انہو ں نے کہا کہ جس طرح سے ماحول تیار کیا گیا ہے اس سے اچھے اور سیکولر ہندو بھی مسلمان سے دور ہو رہے ہیں نفرت کے سبب ملک میں مسلمانوں اور اقلیتوں کےلئے عرصہ حیات تنگ ہے لیکن میں حکمت عملی کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ دستور کی بقا ء کےلئے اور جمہوری اقدار کےلئے ہر مسلمان کو ووٹ دینا لازمی ہے ایسے امیدوار کو ووٹ دینا ضروری ہے جو سیکولر ہو اور ذات پات اور دھرم کے نام پر فساد برپانہیں کرتا ۔ایک اچھے معاشرے اور جمہوری اقدا ر کےلئےہمیں جمہوریت کے قیام کےلئے آگے آنا چاہئے۔