تھانے: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے مفرور گینگسٹر داؤد ابراہیم کے بھائی اقبال کاسکر کے ایک مبینہ ساتھی کے نام پر مہاراشٹر کے تھانے میں ایک فلیٹ کو قبضے میں لیا ہے۔ اس فلیٹ کی قیمت 55 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ ای ڈی نے منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے سلسلے میں یہ کارروائی کی۔
مرکزی تحقیقاتی ایجنسی ای ڈی کے ذرائع نے منگل کو بتایا کہ تھانے ویسٹ میں واقع نیوپولس بلڈنگ میں رہائشی فلیٹ اس کے مالک ممتاز اعجاز شیخ کے خلاف 2022 میں پی ایم ایل اے کے تحت جاری ایک عارضی حکم کے تحت منسلک کیا گیا تھا۔ پی ایم ایل اے ٹریبونل نے اس اٹیچمنٹ آرڈر کو منظوری دے دی تھی، جس سے ای ڈی کے لیے فلیٹ کا قبضہ حاصل کرنے کی راہ ہموار ہو گئی تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ فلیٹ کا قبضہ حاصل کرنے کا عمل حال ہی میں مکمل کیا گیا ہے۔