بلیا: اترپردیش کے بلیا میں پولیس اہلکاروں سے بھری بس منگل کی رات ایک کھائی میں الٹ گئی۔ حادثے میں 29 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ سبھی کو فوری طور پر سون برسا کے کمیونٹی ہیلتھ سنٹر میں داخل کرایا گیا۔ یہاں سے 10 پولیس اہلکاروں کو ضلع اسپتال ریفر کیا گیا۔ بس میں بہار اسپیشل آرمز پولیس کے اہلکار سوار تھے۔ تمام پولیس والے دیوالی اور چھٹھ کے موقعے پر ڈیوٹی پر جا رہے تھے۔ اس دوران نیشنل ہائی وے 31 پر یہ حادثہ پیش آیا۔
بہار اسپیشل آرمز پولیس کی 18ویں بٹالین کے سپاہی بہار کے روہتاس ضلع کے سون پر ڈیہری سے نجی بس کے ذریعے سیوان جا رہے تھے۔ تمام جوانوں کی چھٹھ اور دیوالی کے دوران ڈیوٹی لگی تھی۔ منگل کی رات بلیا کے بیریا علاقے میں ان کی بس نیشنل ہائی وے 31 پر سفر کے دوران قابو ہو کر ایک کھائی میں الٹ گئی۔ حادثے کے بعد چیخ و پکار مچ گئی۔ تمام پولیس اہلکار گاڑی میں ہی پھنس گئے۔