جے پور: شہر کے بھنکروٹا تھانہ علاقے میں اجمیر ہائی وے پر ایک پٹرول پمپ کے پاس کھڑی سی این جی گیس گاڑی میں دھماکے کے ساتھ ہی زبردست آگ لگ گئی۔ یکے بعد دیگرے درجنوں گاڑیاں آگ کی لپیٹ میں آ گئیں۔ حادثے میں کئی چھوٹی اور بڑی گاڑیوں میں بھی آگ لگ گئی۔ آگ میں درجنوں افراد کے جھلس جانے کی اطلاعات ہیں۔ جے پور کے ضلع کلکٹر جتیندر سونی نے اس حادثے میں چار لوگوں کے ہلاکت کی تصدیق کی۔ لیکن کچھ دیر بعد مزید تین افراد زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گئے۔
تقریباً دو درجن فائر ٹینڈر موقع پر آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ڈی سی پی ویسٹ امیت کمار بڈانیا سمیت کئی پولیس افسران اور کئی تھانوں کے پولیس اہلکار موقع پر موجود ہیں۔ اس حادثے میں 40 گاڑیاں جل گئیں اور تقریباً 23 افراد زخمی بتائے جاتے ہیں۔
ڈی سی پی ویسٹ امیت کمار بڈانیہ کے مطابق جمعہ کی صبح بھنکروٹا تھانہ علاقے میں اجمیر ہائی وے پر کیمیکل سے بھرے ٹرک سے تصادم کے بعد پٹرول پمپ کے قریب کھڑی ایک سی این جی گاڑی میں آگ لگ گئی۔ آگ نے آس پاس کی درجنوں گاڑیوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ میں ایک درجن سے زائد افراد جھلس گئے۔ زخمیوں کو اسپتال لے جایا گیا ہے۔ تقریباً ایک درجن مریضوں کو علاج کے لیے سوائی مان سنگھ اسپتال کے ایمرجنسی روم میں داخل کرایا گیا ہے۔