اپنی شرم گاہ یا اعضائے مخصوصہ کی صفائی ایک ایسا موضوع ہے جس پر ہم کھل کر بات کرنے سے گریز کرتے ہیں لیکن یہ موضوع انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔دہلی میں مقیم اینڈروولوجسٹ ڈاکٹر رمیش کپور بتاتے ہیں کہ اگر مرد اپنے عضو تناسل کو صحیح طریقے سے صاف نہیں کرتے ہیں تو انہیں جلد کے مسائل جیسے داد، خارش اور دیگر کئی قسم کے انفیکشن اور بیماریوں کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔ یہ مجموعی صحت کو متاثر کرنے کے علاوہ ایسی بیماریاں یا انفیکشن کا باعث تو بنتا ہی ہے ساتھ ہی یہ کسی کی جنسی زندگی کو بھی بڑے پیمانے پر متاثر کر سکتا ہے۔ Genital Hygiene is Important for Men
ڈاکٹر کپور بتاتے ہیں کہ عام طور پر مرد اس بات سے زیادہ واقف نہیں ہوتے کہ اعضاء مخصوصہ کی صفائی کیسے کی جانی چاہیے اور کچھ مرد اس جگہ کو صاف کرنا بھی ضروری نہیں سمجھتے، جو کہ غلط ہے۔ خاص طور پر موسم گرما میں اعضائے مخصوصہ کی حفظان صحت کو برقرار رکھنا سب سے زیادہ اہم ہوجاتا ہے۔ کیونکہ کسی کو جسم کے اس حصے کے ارد گرد بہت زیادہ پسینہ آتا ہے، خاص طور پر ناف، جو انفیکشن اور بیماریوں کے امکانات کو بڑھاتا ہے۔
ہمارے ماہر اپنے اعضائے مخصوصہ کی مناسب صفائی ستھرائی کے بارے میں بتاتے ہیں کہ ' شاور یا غسل کرتے وقت ہر روز اپنے عضو تناسل کو گرم پانی سے اچھی طرح دھوئیں خاص طور پر عضو کے ان حصوں کو جو جلد سے ڈھکے ہوتے ہیں اس کی صفائی کے لیے صابن کا استعمال نہ کریں۔ دوسرے حصوں کو بہت ہلکے ہاتھوں سے دھوئیں، کیونکہ وہ بہت حساس ہوتے ہیں اور آسانی سے زخم لگ سکتے ہیں۔" یہاں کچھ اور نکات ہیں جو وہ تجویز کرتے ہیں:
- عضو تناسل اور ناف کے ارد گرد پسینہ آنا بیکٹیریا اور جراثیم کے پھیلاؤ کو بڑھا سکتا ہے۔ لہذا، باقاعدگی سے اپنے زیر ناف بالوں کو چھوٹی قینچی، ٹرمر یا استرا سے تراشیں۔
- بالوں کو ہٹانے والی کریموں کے استعمال سے پرہیز کریں، کیونکہ ان میں مخصوص کیمیکل ہوتے ہیں اور وہ حساس جلد کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
- عضو تناسل کے ارد گرد کی جلد کو زیادہ کیمیکل والے صابن سے صاف کرنے سے گریز کریں۔اس کی بجائے جڑی بوٹیوں والا اور ہلکا صابن استعمال کیا جا سکتا ہے، جس میں کم یا کوئی کیمیکل نہ ہو۔
- اعضائے مخصوصہ کے اطراف کی صفائی کے بعد اسے ہمیشہ صاف تولیہ یا سوتی کپڑے کا استعمال کرتے ہوئے اسے خشک کرلیں۔ اس کے علاوہ، دو الگ الگ تولیے رکھنے کی کوشش کریں، ایک پورے جسم کو خشک کرنےکے لیے اور دوسرا اعضائے مخصوصہ کے لیے۔
- پیشاب کرنے کے بعد عضو تناسل کو دھوئیں۔
- ہمیشہ صاف اور دھویا ہوا زیر جامہ پہنیں۔
- تنگ انڈرویئر پہننے سے گریز کریں۔ اس کے علاوہ جہاں تک ممکن ہو، سوتی کا بنا ہوا آرام دہ لباس پہنیں۔
- اگر عضو تناسل کے ارد گرد کی جلد خشک ہونے لگے تو بغیر خوشبو والا تیل یا کریم استعمال کریں جس میں کم سے کم کیمیکل موجود ہو۔
- مباشرت سے پہلے اور بعد میں عضو تناسل کو صاف کریں۔
ڈاکٹر کپور کا کہنا ہے کہ عضو تناسل کی باقاعدہ صفائی کے بعد بھی بدبو، درد یا خارش جیسے مسائل مستقل رہتے ہیں تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ اگر آپ اس طرح کے مسائل کو نظر انداز کرتے ہیں تو یہ سنگین انفیکشن کا سبب بن سکتے ہیں۔