پوری دنیا رواں سال 2021 کو ساتواں یوگا ڈے منارہی ہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے ذریعہ اسے شروع کیے جانے کے بعد سنہ 2014 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے اس دن کو بطور 'عالمی یوگا ڈے' تسلیم کیا تھا جس کے بعد سے پوری دنیا اسے جوش و خروش کے ساتھ مناتی ہے۔
رواں برس کے عالمی یوگا ڈے کا موضوع 'صحتمند رہنے کے لیے یوگا کرو' پر مبنی ہے اور اس کے ذریعہ 'یوگا کریں، گھر پر رہیں' کے پیغام کو عام کیا گیا۔ نیز اس سال کووڈ 19 کی وجہ سے یوگا کا عالمی دن ڈیجیٹل طور پر منایا گیا۔ اس کا مقصد لوگوں کو گھر میں باقاعدگی سے یوگا کی مشق کرنے کی ترغیب دینا تھا۔
کورونا سے پیدا شدہ صورتحال کے درمیان اس شدید انفیکشن کی روک تھام کےلیے ذہنی توازن اور قوت مدافعت کو مضبوط رکھنا وقت کی ضرورت ہے اور یوگا اس پر کھرا اترتا ہے۔ حال ہی میں بھارت میں کووڈ کی دوسری لہر سے بہت سارے افراد متاثر ہوئے تھے۔
کورونا سے صحتیاب ہونے کے لیے لوگوں کو کافی وقت لگ رہا ہے اور صحتیاب ہونے کے بعد لوگ اپنے جسم کو صحتمند رکھنے کے لیے فکر مند ہیں۔ اسی سلسلے میں ای ٹی وی بھارت کی 'سُکھی بھوا ٹیم' نےاندور کے چھوئیترم کالج آف پروفیشنل اسٹیڈیز کے یوگا ڈپارٹمنٹ کے ایچ او ڈی اور اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ہیمنت شرما سے بات چیت کی۔
یوگا کووڈ 19 سے صحتیاب ہونے میں مددگار
بہت سے محققین اور ماہرین نے تصدیق کی ہے کہ انفیکشن کے دوران یوگا کا باقاعدگی سے مشق کرنا کووڈ 19 کے بعد ہونے والی پریشانیوں کو ختم کرتا ہے۔ نیشنل سینٹر فار بائیو ٹیکنالوجی انفارمیشن کے ذریعہ کی گئی تفصیلی تحقیق میں اس بات کا تذکرہ کیا گیا کہ پرانایم کی مدد سے ہمارے مدافعتی نظام کو مضبوط کیا جاسکتا ہے۔
یوگا کے ماہر ڈاکٹر ہیمنت نے بتایا کہ کووڈ 19 سے صحتیاب ہونے کے بعد بھی ہمارے اہم اعضا متاثر ہوتے ہیں اور اس کے علاوہ ہارمونل عدم توازن کے ساتھ ہمارا مدافعتی نظام بھی کمزور پڑ جاتا ہے۔ اس سے ہمارے جسم کی توانائی (پرانک انرجی) پر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ اس حالت میں یوگا ہمارے جسم کو مضبوط بنانے، ہمارے حواس کو معمول پر لانے اور ذہنوں کو پُرسکون کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ یوگا کے آسن جسم کے لیے، حواس کے لیے پرانایم اور دماغ کے لیے مراقبہ کرنا اچھا ہے۔
وبائی مرض نے لوگوں کی ذہنی صحت کو سخت نقصان پہنچایا اور ان میں سے بہت سے لوگ ابھی بھی تناؤ ، گھبراہٹ، اضطراب، خوف، نیند کی کمی وغیرہ سے متاثر ہیں۔ اس کے علاوہ کووڈ 19 سے صحت یاب ہونے کے بعد لوگوں کو بلڈ پریشر، ذیابیطس، پھیپھڑوں اور دل سے متعلق مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایسے میں یوگا اور یوگک طرز زندگی جسم میں مثبت توانائی اور صحتیاب ہونے کے بعد پیدا شدہ مسائل کو ختم کرنے میں بہت مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
آسن اور پرانایم کیسے فائدہ مند ہیں؟
ڈاکٹر ہیمنت کا کہنا ہے کہ کووڈ 19 وبائی بیماری کے آغاز سے ہی افسردگی(ڈپریشن) کے معاملات میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ اس صورتحال میں غصہ، بے خوابی اور دیگر ذہنی مسائل کے لیے یہ مفید ہے۔ اس کے علاوہ بھراماری پرانایم ، برہما مدرا، مرجری آسن، بھوجنگ آسن اور سیتوبندھ آسن فائدہ مند ہیں۔
انفیکشن کے علاوہ لاک ڈاؤن کے دوران پیدا ہوئی طرز زندگی بہت سے لوگوں میں موٹاپے کا باعث بنی ہے، جو بہت سی دیگر بیماریوں کو جنم دیتی ہے۔ مناسب غذا کے ساتھ ساتھ سوریہ نمسکار، پاسچیموتناسنا، اردھا مٹیسندراسن، منڈوکاسن اور پرانایم کے باقاعدہ مشق سے اس پر کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔ انولوم ویلوم، پرانایم عام سردی اور کھانسی سے نجات دلاتا ہے۔
ایسے میں کیا آسن اور پرانایم کا مشق کریں؟
یہاں ڈاکٹر ہیمنت نے کچھ آسن اور پرانایم کی تجویز کی ہے۔ جن پر کووڈ 19 سے صحتیاب ہونے کے بعد مشق کی جاسکتی ہے۔
انولوم ویلوم پرانایم
- گھر میں ایک پُرسکون جگہ تلاش کریں اور اپنی یوگا چٹائی پر بیٹھ جائیں اور اب اپنے دائیں ہاتھ کو اپنی ناک پر رکھیں اور اس سے اپنے دائیں نتنھے کو مسدود کریں اور اپنے بائیں نتھنے سے سانس لیں۔
- اب اپنے بائیں نتھنے پر اپنی انگلی رکھیں اور اپنے دائیں نتھنے کو کھولیں اور سانس چھوڑیں۔ یہی عمل آپ دوسری طرف سے بھی دہرائیں۔
- ہر صبح تقریباً 5 منٹ تک اس پر عمل کریں۔
بھستریکا پرانایم
- پالتی مار کر اپنی چٹائی پر بیٹھیں اور گہری سانس لیں۔ اب اپنے پیٹ کو اندر کی طرف سے کھینچتے ہوئے طاقت کے ساتھ سانس چھوڑیں۔
- یہ عمل 3 سے 5 منٹ تک دہرائیں ۔آپ روزانہ اسے دوبار کرسکتے ہیں۔
برہما مدرا
- سدھ آسن یا وجراسن میں بیٹھیں، اپنی گردن اور پیٹھ سیدھی رکھیں اور آہستہ آہستہ اپنی گردن کو دائیں طرف موڑیں۔ کچھ سیکنڈ کے لیے یہ پوزیشن برقرار رکھیں پھر اپنی گردن آہستہ آہستہ بائیں طرف موڑیں اور کچھ دیر تک ویسے ہی رہیں۔
- پھر اصل پوزیشن پر واپس آجائیں، پھر اپنی گردن کو اوپر اور پھر نیچے رکھیں، کچھ سیکنڈ تک اسی پوزیشن میں رہیں۔ دوبارہ معمولی کی پوزیشن پر واپس آجائیں اور اب اپنی گردن کو گھڑی کی سمت اور پھر اینٹی کلاک گھمائیں۔ اس کے بعد یہاں آپ کی ایک سائیکل مکمل ہوگی۔
- آپ اپنی سہولت کے مطابق چار سے پانچ بار اس سائیکل کو دہرا سکتے ہیں۔
ڈاکٹر ہیمنت کا کہنا ہے کہ یوگا میں مختلف آسنوں اور پرانایموں کی مشق سے جسمانی اور ذہنی طور پر فائدہ ہوتا ہے بشرطیکہ یہ صحیح طریقے سے انجام پایا ہو۔ یوگا کی مشق ماہر نگرانی میں کی جانی چاہئے کیونکہ اگر غلط طریقے سے کیا گیا تو یہ جسم کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔