کولکاتا:۔پٹنہ میں اپوزیشن جماعتوں کی میٹنگ کے بعد پردیش کانگریس کے صدر ادھیر رنجن چودھری نے دعویٰ کیا کہ اپوزیشن اتحاد کا کوئی بھی اثر بنگال کی سیاست پر نہیں پڑے گا۔ ادھیر نے کھل کر وضاحت کی ہے کہ وہ ترنمول کانگریس کو بنگال میں جگہ چھوڑنے کو تیار نہیں ہیں۔
ادھیر رنجن چودھری کے اس بیان کے بعد ترنمول کانگریس کے سینئر ممبر پارلیمنٹ سوگت رائے نے واضح کیا ہے کہ حکمراں پارٹی ادھیر چودھری کے تبصرہ کو کوئی اہمیت نہیں دے رہی ہے۔ ساتھ ہی، ترنمول ایم پی نے وضاحت کی کہ اگر پٹنہ میٹنگ کے فارمولے کے مطابق اپوزیشن اتحاد بنتا ہے تو 2024 میں حکمراں پارٹی کو ریاست میں ترجیح ملے گی۔
سوگت رائے نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ کہا ہے کہ بی جے پی کے خلاف اتحاد ہونی چاہیے۔ ریاست میں مضبوط ترین کو لڑنے دیا جائے۔ کانگریس نے ریاست میں دو لوک سبھا سیٹیں جیتی ہیں۔ کانگریس کے پاس اسمبلی میں سیٹیں نہیں ہیں۔ بائیں بازو کا یہی حال ہے اس لئے ترنمول کانگریس یہاں مضبوط ہے۔
سوگتا رائے نے ریاستی کانگریس صدر پر طنز کرتے ہوئے کہا، ’’ادھیر چودھری ایک مایوس سیاست دان ہیں۔ ان کی باتوں کی اہمیت ان کی اپنی پارٹی میں ہی نہیں ہے۔ زمین پر اس کی طاقت کیا ہے؟ پہلے یہ بتائیں کہ اس ریاست میں پنچایتوں میں کتنے امیدوار میدان میں اترے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:Mallikarjun Kharge on Manipur منی پور کے سلسلے میں مودی سے شاہ کی بات اچھی علامت: کھڑگے
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے پٹنہ اجلاس کے اختتام پر کہا تھا کہ اگر ان کے درمیان بعض مسائل پر اختلافات ہیں، تب بھی تمام اپوزیشن جماعتوں کو اتحاد کی خاطر لچک پیدا کرنی چاہئے۔ لیکن سیاسی تجزیہ کاروں کو شک ہے کہ ترنمول مغربی بنگال میں کتنی لچکدار ہے۔ یہ بھی دیکھا جائے گا کہ شملہ میں اپوزیشن کیمپ کی اگلی میٹنگ میں اس سمت کیا اقدامات اٹھائے جاتے ہیں۔
یواین آئی